ابنا: کوئٹہ میں متعین قونصل جنرل اسلامک ری پبلک آف ایران سید حسین یحیویٰ نے کہا ہے کہ ایران سے بلوچستان کو1000 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کیلئے میاں نواز شریف سے بات چیت جاری ہے ،تاجروں کیلئے ویزے کی فیس22ہزار روپے سے کم کرکے 15ہزار روپے کردی گئی ہے دونوں برادر ممالک کے درمیان اچھے تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہورہے ہیں۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے صدر غلام فاروق،حاجی فضل قادر شیرانی ،جمعہ خان بادیزئی،حاجی جانان اچکزئی،کتب خان مسعود،عیسیٰ خان ، ولی خان ،نعمت اللہ ظہیر ، چوہدری امجد اور دیگر ایگزیکٹو کے ممبران بھی موجود تھے۔سید حسین یحیویٰ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تاجروں کو تجارت کے حوالے سے درپیش مسائل کو مل بیٹھ کر حل کرلیا جائے گا ایرانی حکومت تاجروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے تفتان تک شاہراہ خستہ حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے مسافروں اور تجارت کیلئے آنے والی گاڑیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ اس شاہراہ کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے اور اس روٹ پر امن و امان کی صورتحال کو بھی بہتر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ ایران ریلوے لائن بھی انگریز دور میں بچھائی گئی تھی جسے اپ گریڈکرنے کی ضرورت ہے تاکہ مال گاڑیاں آسانی سے ایران اور پاکستان آجاسکیں۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے کوئٹہ سے ایران کیلئے سروس بند کردی ہے جسے دوبارہ بحال ہونا چاہئے تاکہ دونوں ممالک کے مسافروں کو سفر کی بہتر سہولتیں میسرآسکیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور زاہدان کے تاجروں اور حکام کے درمیان درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک میٹنگ ہونا تھی جسے پاکستان میں انتخابات کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایران میں 14جون کو انتخابات ہورہے ہیں تاجروں نے جو مسائل ہمارے سامنے رکھے ہیں کوشش کریں گے کہ منتخب ہوکر آنے والی حکومت اسے ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تاجروں کی سہولت کیلئے ایک مشترکہ بینک کھولنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ تاجروں کو رقم کے لین دین میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ تاجروں کیلئے ویزے کی فیس 22ہزا ر روپے سے کم کرکے 15ہزار روپے کردی گئی ہے جس سے تاہروں کو سہولت میسر آئے گی کوئٹہ میں ایرانی قونصل خانے میں تاجرون کو ویزے دینے کیلئے 2دن مقررکئے گئے ہیں اسکے علاوہ بھی کوئی تاجر آئے گا تو ہم اسے ویلکم کہیں گے۔سید یحیویٰ نے کہا کہ تفتان بارڈر پرزائرین اور تاجروں کیلئے الگ الگ کاؤنٹر بنائے جائیں گے تاکہ تاجروں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے صدر غلام فاروق نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات اور اب یہ تعلقات تجارتی بنیادوں پر مستحکم ہورہے ہیں ایرانی قونصلیٹ نے ہمیشہ ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کیاہے ہمیں امید ہے کہ بھر پور تعاون کے باوجود بھی ہمیں جن چھوٹے بڑے مسائل کا سامنا ہے انکے حل کیلئے قونصلیٹ اپنا ہرممکن کردار ادا کریگاجس سے دونوں ممالک کے مابین تجارتی امور کو فروغ حاصل ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جن حل طلب مسائل کا سامنا ہے ان میں ویزے کے مسائل ہیں گزشتہ کچھ عرصے سے ہمارے ویزے کے سفارشی خطوط پرعملدرآمد نہیں کیا جارہا جس کی وجوہات تاحا ل معلوم نہیں ہوسکی قونصلیٹ کے فیصلے کے مطابق ہفتے میں دو دن تاجروں کے ویزے کیلئے مختص کئے گئے ہیں مگر اسکے باوجود تاجروں کو ویزے کے حصول میں دشواری کاسامنا ہے ، جوائنٹ کمیٹی کے اجلاس کے فیصلے کے مطابق ایرانی حکام نے معاہدہ کیا تھا کہ پاکستانی گاڑیوں کو ایک ہزار لیٹر ڈیزل دیا جائے گا جس پر عملدرآمد نہیں ہورہا جوائنٹ کمیٹی کے اجلاس میں معاہدہ ہوا تھا کہ پاکستانی تاجروں کو بتدریج تین ،چھ ‘ نو ماہ اور ایک سال کا ویزا جبکہ دو ماہ کا اقامہ دیا جائے گا لیکن اس پر بھی عملدرآمد نہیں ہواایران سے آنے والے مال کو میرجاوا میں اتارا جاتا ہے اور پھر اسے کوئٹہ بھیجا جاتا ہے میرجاوا میں فوری طورپرایک گودام کی سہولت فراہم کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایرانی قونصلیٹ پاکستانی ڈرائیوروں سے 10800روپے ویزا فیس وصول کرتا ہے جبکہ پاکستانی قونصلیٹ صرف 8800تمن وصول کر رہا ہے جو ایران کی فیس کے مقابلے میں کم ہے لہذا ایران بھی اس ضمن میں فیس میں کمی کرے ایران میں پاکستانی ٹرکوں میں مال لوڈ کیا جاتا ہے جس پر ٹرک مالکان کومجموعی کرایے کا 100فیصد اضافی دینا پڑتا ہے پاکستانی ٹرک جب ایران میں داخل ہوتے ہیں تو ہر تین میل کے فاصلے پرایک امریکن ڈالر فیس دینا پڑتی ہے ایرانی گاڑیاں پاکستان میں بغیر کارنٹ کے داخل ہوتی ہیں جبکہ پاکستان کی گاڑیوں کو بغیر کارنٹ کے ایران میں داخل نہیں ہونے دیا جاتا جبکہ ایرانی کسٹم حکام کی جانب سے بھی ناروارویئے کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ایرانی قونصل جنرل ہمارے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے میں اپنا موثر کردارادا کریں گے۔
31 مئی 2013 - 19:30
News ID: 425152
کوئٹہ میں متعین قونصل جنرل اسلامک ری پبلک آف ایران سید حسین یحیویٰ نے کہا ہے کہ ایران سے بلوچستان کو1000 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کیلئے میاں نواز شریف سے بات چیت جاری ہے ،تاجروں کیلئے ویزے کی فیس22ہزار روپے سے کم کرکے 15ہزار روپے کردی گئی ہے دونوں برادر ممالک کے درمیان اچھے تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہورہے ہیں۔